اقلیتوں کی فلاح بہبود کیلئے ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے،پارلیمان سیکرٹری اقلیتی امور خلیل جارج

5

 

کوئٹہ۔28اپریل  (اے پی پی):پارلیمان سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے  کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی کوششوں سے اقلیتی برادری کیلئے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہیں ، حکومت نے پی ایس ڈی پی میں ہنگلاج ماتا مندر کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لسبیلہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح بہبود کیلئے ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری  ہے۔ پندرہ کروڑ روپے کی لاگت سے ہنگلاج ماتامندر میں یاتریوں کیلئے رہائشی سہولیات اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک اوریہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں پاکستان اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین خوبصورت ملک ہے ، اقلیتی برادری اپنے مذہبی تہوار ہم آہنگی اور مکمل مذہبی آزادی سے مناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور کی طرز پر ہنگلاج ماتا مندر میں جدید ٹیکنالوجی سے آراوپلانٹ اوردیگرمنصو بوں پر کام جاری ہے ۔ صوبائی حکومت اقلیتوں کے کوٹے پر بھرپور انداز سے عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے اور اقلیتوں کے تمام حقوق کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔