جوھرآباد؛دیہاتوں کی تعمیر و ترقی اور مسائل سےآگاہی کے لیے نمبردار حکومت اہم نمائندہ ہوتا ہے، کمشنر

8

جوھرآباد،30اپریل( اے پی پی):کمشنر محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ دیہاتوں کی تعمیر و ترقی اور گاؤں کے مسائل سےآگاہی کے لیے نمبردار حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم نمائندہ ہوتا ہے ،حکومت پنجاب نمبرداروں کا وہی وقار اور احترام بحال کروانا چاہتی ہے جو قانون اور معاشرے میں ان کا حق ہے۔

ڈویژنل کمشنر فاطمہ جناح ہال جوہر آباد میں نمبرداروں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں نمبرداری کا ادارہ نظر انداز ہوتا رہا جس کی وجہ سے ملکی معیشت اور دیہات کی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے لیکن اب حکومت پنجاب کی ہدایت پر نمبرداری کے ادارے کو فعال اور مضبوط کرنے کے لیے سرگودھا ڈویژن میں خوشاب سے آغاز کردیا گیا ہے۔

 کمشنر محمد اجمل بھٹی نے ریونیو افسران، یوسی سیکرٹریز اور پٹواری حضرات کو تاکید کی کہ وہ نمبرداروں سے مل کر گاؤں کی سطح پرصحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت  کی پوری توجہ دیہاتوں میں میونسپل سروسز کے نظام میں بہتری لانا ہے جس سے نمبردار اپنا اچھا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نمبرداروں سے کہا کہ وہ لوگوں کی دیہاتوں سے شہروں کی طرف منتقلی کو روکنے کے لیے حکومت پنجاب کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نمبردارون کی جائز باتوں اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر پر حل کیا جائے گا۔

قبل ازیں اے ڈی سی(آ ر) مطاہر امین حیات وٹو نے نمبرداروں کے فرائض منصبی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اسسٹنٹ کمشنر نورپورتھل علیزہ ریحان نے رورل ایریا میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے نمبرداروں سے مل کر ایک کمیٹی بنانے اور فنڈ ریزنگ کی تجاویز دیں۔

 کنونشن کے آغاز پر زمیندار وحیداللہ بوڑانہ اور نمبردار غلام عباس نے ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو علاقے کی روایت کے مطابق پگڑی پہنائی۔ کنونشن میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کے افسران نمبرداران یوسی سیکرٹریزاور محکمہ مال کا سٹاف موجود تھا۔