نوشہرہ ورکاں، 06 مئی (اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع گوجرانوالہ میں 15 مئی تک ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ بڑھائے جانے کے بعد فیلڈ سٹاف کیجانب سے ڈور ٹو ڈور افراد خانہ کے کوائف لینے اور اندراج میں رہ جانے والے افراد کو مردم شماری کے ڈیٹا میں شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں مردم شماری کے لیے مقرر کوآرڈینیٹر
احسان اللہ نے اے پی پی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے دوران گزشتہ دنوں کے مرحلہ میں فیلڈ سٹاف کے ساتھ سکیورٹی عملہ نہ ہونے کے باعث فیلڈ سٹاف کو مشکلات اور عوام کی بد سلوکی کا بھی سامنا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل نوشہرہ ورکاں کی آبادی پانچ لاکھ 75 ہزار ریکارڈ کا حصہ بنی اور مردم شماری کے اعداد شمار درست نہ ملنے کے باعث جاری دوبارہ عمل کے دوران بھی سکیورٹی نہیں دی گئی ہے۔ انکا کہنا تھا مردم شماری کے اس ری چیک مرحلہ میں دینی مدارس میں زیر تعلیم طلباء کو بھی شامل کیا جا رہا ہے جو اپنے گھروں سے دور ایک نیک مقصد کے لیے موجود ہیں۔
احسان اللہ کہنا تھا کہ پنجاب میں مردم شماری احداف 53 فیصد تھے جو 50 فیصد رہے اور اسی وجہ سے نیشنل اسمبلی کے آٹھ حلقوں کے کم ہونے کا معاملہ تھا ۔انہوں نے کہا کہ احداف کو پورا کرنے اور کسی بھی فرد واحد یا خاندان کی شماریات میں شمولیت کو ترجیح دی گئی ہے، فیلڈ سٹاف ذمہ داری سے کام میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ 15 مئی تک جاری رہے گا۔