انوسٹی گیشن کیسز، فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف فراہم کریں؛ ڈاکٹر عثمان انور

13

 

لاہور،09 مئی ( اے پی پی ) :آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت لاہور پولیس کی کرائم میٹنگ  کا انعقاد کیا گیا آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس کے تمام ونگز کی چار ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے انویسٹی گیشن امور کو ملزمان کی گرفتاری، شناخت اور ریکوری امور مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ انوسٹی گیشن کیسز فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف فراہم کریں،غریب آدمی کا پرچہ ہر صورت درج ہو گا،کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں آئندہ ہفتے سے پنجاب بھر میں افسران و اہلکاروں کی مزید پروموشن کا سلسلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے جذبہ جہاد سے کام کرنا ہوگا۔تحفظ سنٹرز کے ذریعے بے گھر بچوں، خواتین، ٹرانسجینڈرز، ذہنی معذور افراد کو سوشل پروٹیکشن فراہم کی جا رہی ہے۔جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کے نائٹ پٹرولنگ سسٹم کے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پٹرولنگ گاڑیوں میں نصب کئے گئے جدید کمپیوٹر سسٹم کی بدولت گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور چیکنگ کا عمل بہتر ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب کا لا اینڈ آرڈر، جرائم کنٹرول میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کیلئے ایوارڈز کا اعلان،کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک افسران واہلکاروں کیلئے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے بطور انعام،لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے دوران زخمی افراد کیلئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان، اہداف حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کیلئے 50 لاکھ روپے اور سی سی ون بطور انعام دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک کریمنلز کی سرکوبی کرنے پر ایس ایس پی سی آئی اے کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، سی ٹی او لاہور اور ایس ایس پی آپریشن کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، ایس ایس پی سی آئی اے کیپٹن (ر) لیاقت ملک، ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصرفیروز سمیت لاہور پولیس کے تمام ایس پیزاور سینئر افسران موجود تھے۔