نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کا بھکھی پاور پلانٹ شیخوپورہ کا دورہ

47

لاہور، 9مئی ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے نگران صوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل کے ہمراہ بھکھی پاور پلانٹ شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر، جنرل منیجر آپریشنز اور ڈائریکٹر ایڈمن قائداعظم تھرمل پاور کمپنی نے بھکھی پاور پلانٹ آمدپر صوبائی وزراء کا استقبال کیا۔ چیئرمین شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز منظور الحق ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر فیصل جاوید اور ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز تنویر احمد بھی صوبائی وزراء کے ہمراہ تھے۔ نگران وزراء نے بھکھی پاور پلانٹ کے مختلف شعبہ جات میں جا کر توانائی کی ہیداوار کے مختلف مراحل کا جائزہ لیا اور اور گیس ٹربائنز کا معائنہ کیا۔ جنرل مینجر آپریشنز قائداعظم تھرمل پاور کمپنی نے نگران وزراء کو پاور پلانٹ میں بجلی کے پیداواری عمل اور پلانٹ کی پیدواری صلاحیت سے آگاہ کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔ نگران وزراء نے بھکھی پاور پلانٹ کی پیداواری صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صنعت کی حقیقی معنوں میں ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے زیادہ اہم بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ ایک صنعتی شہر ہے شیخوپورہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کے لیے کام کرنے والے متعدد کارخانے اور فیکٹریاں واقع ہے۔ شیخوپورہ کے صنعتی شہر ہونے کے لحاظ سے یہ پاور پلانٹ انتہائی اہم جگہ پر واقع ہے اور شعبہ صنعت کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی حقیقی معنوں میں ترقی اورمعشیت کے استحکام کے لیے بجلی کی پیداواری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ صنعت کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی صورت میں ہی ملک کی معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے۔صوبائی وزراء نے شجر کاری کے حوالے سے بھکھی پاور پلانٹ میں پودے بھی لگائے۔