اسلام آباد،10مئی(اے پی پی):وفاقی وزیربرائے تخفیف غربت و سماجی تخفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی بلڈنگ پر حملہ کیا، سرکاری و نجی املاک پر حملہ کیا گیا جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں،ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔
بدھ کو یہاں پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کو نیب نے گرفتار کیا ہے، نیب خود مختار ادارہ ہے، عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی ہے، پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی اور کسی کی بھی گرفتاری پہ جشن نہیں مناتی،عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی شخص بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے،کوئی ایک شخص نہیں یہ ملک ہماری ریڈ لائن ہونی چاہے،یہ ملک ہم سب کا ہے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہیں،جہاں قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی ہو گی، ماضی کے ادوار میں گرفتاریاں ہوئیں مگر صبر کا مظاہرہ کیا گیا، قانون کی پاسداری سب پر لازم ہے،عمران خان کی گرفتاری القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں ہوئی، وہ اپنی صفائی پیش کریں،ان کے پاس عدالت کا راستہ ہے وہ اپنا کیس لڑیں لیکن وہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
وفاقی وزیرشازیہ مری نے کہا کہ پشاورمیں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگائی گئی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کےپرچم کو نذر آتش کیا گیا، پاکستان کی املاک پر مسلح جتھے حملہ کر رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کا حصہ ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کبھی بھی کسی سیاسی مخالف کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہے،سیاستدان کی گرفتاری کسی سیاسی کارکن کے لئے کوئی ایسی خبر نہیں جس پر جشن منایا جائے لیکن جو کچھ عمران نیازی کے جتھوں نے کیا ہے اس کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب کی کارروائی کا جواب عدالتوں میں دیں،ملک کی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حال ہی میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو ایف آئی اے کا نوٹس آیا، وہ پیش ہوئے،اب نیازی کا معاملہ آیا ہے تو ایسا لگ رہا ہے کہ اب پاکستان کی خیر نہیں، القادر ٹرسٹ پر سنگین الزامات ہیں جس میں انہوں نے رشوت لی ہے اور ڈھونگ رچایا ہے ،ان کے ساتھ ان کی بیوی بھی اس کا اہم کردار ہیں ،یہی وجہ ہے کہ نیب کی گرفتاری کو عدالت نے قانونی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نے ہمیشہ نیب کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا،لوگ ابھی گرفتار نہیں ہوتے تھے ان کے وزراء پہلے بتاتے تھے کہ ایسا ہو رہا ہے، نیب کےترجمان بنے ہوئے تھے، نیب میں ترامیم کی گئی ہیں جن کے تحت 90دن کے بجائے 14 دن کا ریمانڈ ہوگا،ایک ریلیف ہے جو سب کے لئے ہے،ماضی میں90 دن بغیر وجہ کے جس نے قید کاٹی ہے، اس کو پتہ ہے کہ یہ کتنا بڑا ریلیف ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری 12 سال کی قید کاٹ کے آئے ہیں، کوئی الزام ان پہ ثابت نہیں ہوا۔عمران خان کے دور میں ان کے پروڈکشن آرڈرز کے لئے بھی کتنی کوشش کرنا پڑتی تھی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سب کچھ جھیلا ہےلیکن عمران نیازی سمجھتے ہیں کہ ان پہ قانون لاگو نہیں ہوتا،اگر آپ بے گناہ ہیں تو قانونی چارہ جوئی کا اپنا حق استعمال کریں، کرپشن کا کیس بہت حد تک سامنے آچکا ہے، اس کا سامنا کریں بظاہر یہ بہت مضبوط کیس ہے،اپنی صفائی پیش کریں۔
وفاقی وزیرشازیہ مری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پہ لوگوں نے غصہ کیاجیسے ہی پاکستان کے خلاف نعرہ لگا تو آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایاکیونکہ وہ ایک محب وطن پاکستانی سیاستدان ہیں،اس وقت ان کے پاس موقع تھا ملک میں ڈکٹیٹر تھا لیکن انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، لاشوں پہ کھڑے ہوکر کہا کہ پاکستان کھپےکیونکہ یہ ملک ہے تو سب ہے ،ہماری جماعتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے حکم پر جو لوگ توڑ پھوڑ کررہے تھے اس کی مذمت کرتے ہیں، کروڑوں روپے کی بس سروس کو کراچی میں نقصان پہنچایا گیا، یہ کسی کے باپ کا پیسہ نہیں،ان کی توڑ پھوڑ کرکے قانون کو ہاتھ میں لیا گیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف آیف ائی آر درج ہوں گی، پاکستان پیپلز پارٹی نے بہت سی تکلیفیں برداشت کیں ،پھانسی کے پھندے سے کوڑوں اور جیل کی کال کوٹھڑیوں تک سب برداشت کیا۔ عمران نیازی کی حکومت میں فریال تالپور کے ساتھ کیسا سلوک کیا گیا سب کے سامنے ہے۔ خورشید شاہ، آغا سراج درانی اور شرجیل میمن کے ساتھ کیا کیا گیا ۔انھیں 21 ماہ تک بغیر کسی وجہ کے گرفتار رکھا گیا، جب ہم پیشیوں پر گئے تو ہمیں روکا گیا،کبھی شیلنگ کی گئی کبھی پانی پھینکا گیا۔
شازیہ مری نے کہا کہ ستم ظریفی دیکھیں ان کی کابینہ کے لوگ بھی اس احتجاج کا حصہ ییں جو جلائو گھیرائو کر رہے ہیں اوراملاک کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب سمیت سب اس میں شامل تھے۔ سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ اور واٹر بورڈ کا جو نقصان ہوا ہے اس کا اندازہ لگایا جا رہا ہے جس کا پتہ کرکے اس پر ان کے خلاف ایف آئی آر کرائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کا اس گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عمران نیازی کونیب نے گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کا کام ملک کا دفاع کرنا ہے،عمران نیازی کی نالائقی کے باعث ملک میں سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان پہ کرپشن کہ الزمات سچ ہیں اور ان کے پاس ان سوالوں کا جواب نہیں ہے اس لئے ایسا کیا جا رہا ہے، ان کے لوگوں نے خود واٹس اپ گروپس میں شئیر کیا کہ انہوں نے املاک کو جلایا ہے، سوشل میڈیا کو یہ پروپیگنڈہ کے لئے استعمال کرتے ہیں،فیک نیوز پھیلانے میں پی ٹی آئی والے ماہر ہیں۔











