اوکاڑہ،20 مئی(اے پی پی ):نئے تعینات ہونے والے سپرنٹنڈنگ انجینئر واپڈا سرکل فورتھ اوکاڑہ احمد شہزاد نے کہا ہے کہ کرپشن کے مرتکب واپڈا افسران اوردیگرملازمین کو ہرگزبرداشت نہیں کیاجائیگا،محکمہ واپڈا کو کرپشن سے پاک کرنا میراعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں واپڈا ایمپلائز پیغام یونین کے زونل چیئرمین محمدشاکر راؤ کی قیادت میں استقبال کرنے والے تمام سب ڈویژنزکے عہدیداران کے وفد سے اپنی ترجیحات بتاتے ہوئےکیا۔ایس ای واپڈاسرکل فورتھ احمد شہزاد نے کہا کہ واپڈا ملازمین صارفین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور صارفین کو شکایت کا موقع نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کے محنت کش اپنی محنت اور اخلاق سے صارفین کے دل میں گھربنائیں۔
انہوں نےواپڈا ایمپلائز یونین کے عہدیداروں کو یقین دلایا کہ واپڈا ملازمین کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔انہوں نے واپڈا ایمپلائز یونین کی طرف سے والہانہ استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
ایس ای واپڈا سے ملاقات کرنے والوں میں عمران گجرسرکل چیئرمین، چوہدری اکرام اللہ مرکزی سیکریٹری،راناشاہد حفیظ سرکل سیکریٹری، اظہر علی پاشا وائس چیئرمین، راؤ عمران ڈویژنل چیئر مین رینالہ سٹی، سرور سلیمی ڈویژنل چیئر مین دیپال پور، میاں افتخارڈویژنل چیئر مین حجرہ شاہ مقیم،حیدر علی شاہ ڈویژنل چیئر مین اوکاڑہ کینٹ، راؤ فرحان علی خان ،ڈویژنل چیئرمین اوکاڑہ سٹی سمیت 22سب ڈویژنزکےچیئرمین بھی شامل تھے۔