گوجرانوالہ؛ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت کنزیومر پروٹیکشن کونسل کا اجلاس

43

 

 گوجرانوالہ،20 مئی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کی زیرصدارت کنزیومر پروٹیکشن کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس سے خطاب میں   ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ صارفین کے حقوق کا محافظ ہے جس کی آگاہی ہرفرد تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کو فعال بنا کر ناقص سروسز، غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے ہدایت کی کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اس ایکٹ کے تحت زیادہ سے زیادہ کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات، اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صارفین عطائی ڈاکٹرز، غیر مستند حکماء، ضروری اشیاءکی خریداری کے بل کی عدم ادائیگی سمیت دیگر خدمات، مصنوعات کی شکایات آن لائن اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں درج کراسکتے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ آئندہ سے میں خود یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو کنزیومرپروٹیکشن کونسل کے کیسز کی باقاعدگی سے سماعت کریں گے تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ این جی اوزکوصارفین کی آگاہی کیلئے اپنا فعال کردارادا کرنا ہوگا، صارفین کو آسان الفاظ میں قوانین سے آگاہی دینے کیلئے ہرفورم کوبروئےکارلایا جائےگا۔تاجرتنظیموں کو بھی صارف تحفظ ایکٹ اپنے کاروباری مقامات (دوکانوں، شاپنگ سنٹرزوغیرہ) میں نمایاں جگہوں پرآویزاں کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سروسزفراہم کرنے والے ادارے، افراد بھی تحفظ صارف ایکٹ میں آتے ہیں انکا بھی متعلقہ قوانین کے تحت محاسبہ کیا جائے گا  ۔