کوئٹہ ،21 مئی (اے پی پی ):ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان نے پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروڈکشن کے معیار کا جائزہ لیا اور ریجنل لینگویجز کے سب سے بڑے نیٹ ورک “پی ٹی وی بولان” کے پہلے ٹرانسمیٹر کا افتتاح کیا۔
جدید ٹرانسمیٹر انسٹالیشن سے بولان کی نشریات اب یو ایچ ایف عام انٹینا سے بھی دیکھی جاسکیں گے ۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ عارف نور اور انجینئیرنگ مینیجر کوئٹہ سینٹر سید نبو جان آغا نے ٹرانسمیٹر تنصیب اور نشریات کے حوالے سے بریف کیا ۔ 500 واٹ ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے بعد بولان کی نشریات کا نیٹ ورک مزید بڑھ گیا ہے ۔ اب بولان کی نشریات ان علاقوں میں بھی دیکھی جاسکیں گی جہاں کیبل یا ڈش انٹینا کی سہولت موجود نہیں ، اندازہ ہے کہ ٹرانسمیٹر انسٹالیشن کے بعد مزید 30 سے 35 لاکھ لوگ پی ٹی وی فیملی کا حصہ بن جائیں گے ۔
اس موقع پر ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان نے کوئٹہ میں ورچوئل اسٹوڈیوز بنانےکے احکامات بھی دئیے جبکہ ایم ڈی سہیل علی خان نے پاکستان ٹیلیوژن کوئٹہ سینٹر میں ٹیکنیکل ایریا سمیت دیگر سیکشنز کا بھی دورہ کیا ۔ ہیڈ آف ڈپارٹمنٹس نے اپنے اپنے شعبوں کی زمہ داریوں اور پرفارمنس پر بریف کیا ۔
کوئٹہ سینٹر دورے میں جنرل مینیجر سید فہیم شاہ نے نیوز ، کرنٹ افئیرز اور پروگرامز کے حوالے سے بریف کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ کوئٹہ سینٹر سے براہوی ، بلوچی اور پشتو زبانوں میں پروگرام نشر کئے جاتے ہیں ۔