اوکاڑہ میں گندم کی خریداری کا ہدفِ 10 لاکھ90ہزار، اب تک 09لاکھ بوری خریدی جا چکی؛ ضلعی ترجمان خورشید جیلانی

11

اوکاڑہ،21مئی (اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن وضلعی ترجمان خورشید جیلانی نے کہا ہے کہ ضلع اوکاڑہ میں گندم کی سرکاری خریداری کا ہدفِ 10 لاکھ90ہزار بوری ہے جبکہ اب تک 09لاکھ بوری گندم خریدی جا چکی ہے جو کہ ہدف کا 85 فیصد ہے ، گندم خریدکا بقیہ ٹارگٹ جلد پوراکر لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار  ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن وضلعی ترجمان خورشید جیلانی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنراوکاڑہ ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی ہدایات پر اوکاڑہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں اے سی صاحبان اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اورمختلف جگہوں سے ذخیرہ کی گئیں ہزاروں بوریاں گندم قبضے میں لے کر سرکاری گوداموں میں بھجوائی جاچکی ہیں۔

 ضلعی ترجمان خورشید جیلانی نے بتایا کہ گندم کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے ضلع بندی کی گئی ہیں ۔انہوں نے  کہا کہ زخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔