قومی اسمبلی کے ارکان کا سانحہ 9 مئی کے ذمہ دراروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ، مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار

14

اسلام آباد،23مئی(اے پی پی):قومی اسمبلی کے ارکان نے سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلح افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ارکان نے کہا کہ جب تک ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی اس وقت تک ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں سانحہ 9 مئی پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اسلم بھوتانی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جناح ہاؤس، عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، 9 مئی کے واقعہ میں ملوث وہی شخص ہے جسے پروان چڑھایا گیا، یہ ہماری تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، یہ واقعہ دیگر افسوسناک واقعات کی طرح ہمیشہ یاد رہے گا، اس واقعہ سے اقوام عالم میں ہماری جگ ہنسائی ہوئی، چھوٹے صوبوں میں یہ احساس پایا جا رہا ہے کہ اس واقعہ پر اس طرح کا ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا جس طرح سندھ اور بلوچستان کے واقعات کا نوٹس لیا جاتا ہے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ والا کیس اس وقت تک ثابت نہیں ہوگا جب تک ملک ریاض کو نہیں پکڑا جائے گا، رشوت لینے اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں۔

 مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی تربیت سیاسی جماعتوں کے بنیادی مقاصد میں شامل ہیں، مولانا مودودی کو پھانسی کی سزا ہوئی، امیر جماعت اسلامی پر خودکش حملہ ہوا مگر کسی نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی جماعت اسلامی مذمت کرتی ہے۔اس میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔

ایم کیو ایم کے صلاح الدین نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کچھ لوگوں کو تو گرفتار کیا گیا ہے مگر ایک لاڈلا ابھی تک گرفتار نہیں ہوا، یہ امریکہ اور پاکستان میں بھی بعض لوگوں کا لاڈلا ہے، ایک ایسے شخص کو زبردست سکیورٹی دی جا رہی ہے جو 9 مئی کے واقعات میں ماسٹر مائنڈ اور ذمہ دار ہے، جن معصوم لوگوں کو ورغلایا گیا وہ ساری تفصیلات دے رہے ہیں کہ کس طرح انہیں حملوں کیلئے تیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ  لاڈلے کیلئے ساری عنائتیں ہیں، 9 مئی کے واقعات شرمناک ہیں، ان میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے، 9 مئی کا واقعہ مودی کی سوچ کے مطابق ہوا ہے، اس سوچ کے حامل لوگوں کے ساتھ بعض ادارے یا ان اداروں میں بیٹھے ہوئے بعض لوگ ہمدردی رکھتے ہیں، میری اپیل ہے کہ ملک میں تجربات کا سلسلہ بند کیا جائے، فوجی تنصیبات پر اگر حملے ہوں تو ان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں کیوں نہیں چلانے چاہئیں، اگر ان دہشت گردوں اور مجرموں کو چھوڑ دیا گیا تو پاکستان کا مستقبل غیرمحفوظ ہو سکتا ہے۔

 جویریہ ظفر آہیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر مذمت ہے، 9 مئی کو جس طرح کی ملک دشمنی کی گئی ہے وہ سب پر عیاں ہے، ایک سال پہلے جب ہم نے عمران خان کا ساتھ چھوڑا تو اس وقت ہم پر کفر کے فتوے تک لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے روز پاک فوج کا ری ایکشن بہت بالغ نظر تھا، مسلح افواج نے اس روز صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو  سانحہ پیش آیا ہے وہ ایک دم سے نہیں ہوا بلکہ اس میں برسوں لگے ہیں، پاکستانی قوم اسے کبھی نہیں بھولے گی۔