لاہور،23مئی(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لاہور جنرل ہسپتال میں بچہ یورالوجی وارڈ اورعوام و سٹاف کی سہولت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا۔
یہ اعلان انہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت اور صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی فیئر ویل پارٹی کا انعقاد بھی کیا گیا۔پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پرنسپل ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی سربراہی میں ایل جی ایچ ترقی کے منازل طے کر رہا ہے، حکومت اس ہسپتال کو ماڈل بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی پنز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے دوران ملازمت قابل فخر خدمات سر انجام دیں، ایک لیڈر کی کوئی ایکسپائری ڈیٹ نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، ہم ڈاکٹرز ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں،پی آئی این ایس میں بچوں کے علاج کیلئے 40 بستروں کو مختص کیا گیا ہے
۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد الفرید ظفر نے نگران وزیر صحت کو ادارے کے مختلف شعبوں کے متعلق بریفنگ دی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا، جس پر پروفیسر جاوید اکرم نے بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ریسرچ کے مطابق پاکستان میں ہر چالیس سال کا انسان بلڈ پریشر کا مریض بن رہا ہے۔ اس معاشرے کی بہتری کیلئے اٹھایا گیا ہر قدم اللہ پاک کی نظر میں اہم ہوگا۔ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کچھ روز قبل پی کے ایل آئی میں ہونے والے اجلاس کے دوران صحت کارڈ بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت کو کسی فرد واحد نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مینڈیٹ دیا ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت کا صاف، شفاف اور پرامن انتخابات کروانے کے علاوہ اور کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ میرے لئے وزیر کی نسبت ایک ڈاکٹر ہونا زیادہ اہم ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آج ہی یہ منصب چھوڑنے کو تیار ہیں۔ پنجاب کی نگران کابینہ نہ کوئی تنخواہ لے رہی ہے اور نہ ہی کوئی پروٹوکول۔ انہوں نے کہا کہ موسم کے درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔ پنجاب میں ادویات کی کمی کو دور کرنے اور مانیٹرنگ کیلئے آن لائن ڈیش بورڈ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق جنرل ہسپتال میں خدمت انسانیت کررہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے فیئرویل پارٹی کے انعقاد پر پرنسپل پی جی ایم آئی /اے ایم سی پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کیا اور نگران وزیر صحت کی خصوصی شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیا۔