یوم تکریم شہدا منانے کا مقصد ملکی سلامتی، بقاء اور امن  کیلئے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے؛ فرح عظیم شاہ

9

کوئٹہ،24مئی(اے پی پی):ترجمان حکومت بلوچستان  فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ 25 مئی کو  یوم تکریم شہداء پاکستان منانے کا مقصد ملکی سلامتی, بقاء اور امن و امان کیلئے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، آج کے دن پوری قوم اپنے حقیقی ہیروز کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور ان کی یادوں کو تازہ کرنے کیلئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کرتی نظر آئے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے جاری کردہ  ویڈیو  بیان میں کیا ۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ شہداء کی  بے مثال قربانیوں کی بدولت آج قوم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہی ہے شہداء کی یادگاروں کی حفاظت اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی قوم اپنا فرض سمجھتی ہے، قومی سلامتی کیلئے دی گئی قربانیوں کی بدولت عرض پاک کی طرف آج کوئی میلی نظر نہیں دیکھ سکتا، زندہ قومیں اپنے قومی ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور ان کی عزت و آبرو پر کبھی آنچ نہیں آنے دیتیں۔اسی حوالے سے  پوری قوم یوم تکریم شہداء مناتے ہوئے اپنے حقیقی ہیروز کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے تاریخ رقم کی اور ملکی سالمیت کو یقینی بنایا ،اللہ رب العزت کے حضور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔