جو اللہ کی راہ میں اپنی جان قربان کرے وہ ہم سب سے افضل ہے؛ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان 

20

گلگت،25مئی  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) گلگت میں یوم تکریم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن پاک میں آیا ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں، انہیں مردہ مت کہو، شہداء کا مقام بہت بلند ہے، جو اللہ کی راہ میں اپنی جان قربان کرے وہ ہم سب سے افضل ہے۔

انہوں نے  کہا کہ ؛پاکستان لا اِلٰہَ اِلّا اللہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ پاکستان کو دہشت گردی کا سب سے بڑا چیلنج درپیش تھا، محدود وسائل کے باوجود جس طرح دہشت گردی پر قابو پایا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپوتوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا، ہمارے جوان مادر وطن پر جان قربان کرنے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں ۔انہوں نے  کہا کہ  ملک کے سرحدوں کی دفاع کیلئے جس طرح افواج پاکستان تیار رہتے اور قربانی دیتے ہیں اسی طرح امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس بھی ہر وقت چوکس رہتی ہے۔

 وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان نے کہا کہ حکومت گلگت  بلتستان پہلی مرتبہ 1ہزار آسامیاں پولیس فورس میں تخلیق کیں جس کی وجہ سے کئی عرصے سے ترقیوں کے منتظر جوانوں اور آفیسران کی ترقیاں ممکن ہوئیں، اگر قوم کی دعاؤں سے وفاق میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حکومت آئی تو گلگت  بلتستان میں پولیس فورس کی تعداد10 ہزار سے بڑھائیں گے، وفاق کی جانب سے وسائل فراہم کئے گئے تو پولیس فور کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہداء ہمارے اصل ہیروز ہیں، شہداء کے بچوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے، عظیم قومیں اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے، ملک کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے۔

 اس موقع پر گورنر گلگت  بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے شہداء کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور یادگار شہداء پر حاضری دی۔