وہاڑی،25 مئی(اے پی پی): یوم تکریم شہداء کے موقع پر مختلف پروگرامز منعقد کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین نے نشان حیدر میجر طفیل شہید کے مزار پر حاضری دی اور خراج عقیدت پیش کیا جبکہ ایک دوسرے پروگرام میں گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول وہاڑی میں تقریب منعقد کی گئی ، طلبہ و طالبات نے خاکوں، ملی نغموں سے شہدا کو سلام پیش کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد طیب خان تھے ۔انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک کے سرحدی اور داخلی محاذوں پر جان نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، پاک فوج اور پولیس کے شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے خون سے ہی امن کے دیپ روشن ہیں، ہمارے شہدا کی جرآت و بہادری کے دشمن بھی معترف ہیں۔
محمد طیب خان نے کہا کہ سب سے بڑا فوجی تمغہ وہاڑی کی سر زمین کا اعزاز ہے، میجر طفیل شہید نے جوانمردی سے جان قوم پر قربان کر دی تھی ۔
وہاڑی کی تینوں تحصیلوں کے تعلیمی اداروں میں یوم تکریم شہداء بھر پور انداز سے منایا گیا تقریبات کے شرکاء نے پاک فوج سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔