کوئٹہ،25مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ شہید کبھی نہیں مرتے بلکہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہی ہم آج آزاد فضاو ں میں سانس لے رہے ہیں قوم وطن عزیز کی راہ میں جانیں نثار کرنے والے شہداءکی مقروض ہے۔
یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے لیویز ہیڈکواٹر کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موت برحق ہے اور جنہوں نے شہادت حاصل کی انہیں اللہ تعالیٰ نے بڑا رتبہ دیا ہم اس دنیا میں اللہ تعالی کی مرضی سے آئے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی مرضی سے ہی واپس جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے لیویز فورس کے شہداءکی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے لیویز فورس کا بنیادی کردار ہے اور لیویز فورس کے اس اہم کردار کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔لیویز فورس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر دم تیار ہے اور بلوچستان میں لیویز فورس سب سے زیادہ اہم ہے اس فورس کی استعداد کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اورشہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، شہداءکے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ،لواحقین کی نگہداشت اور دیکھ بھال ہماری اولین ذمہ داری ہے جبکہ شہداءکے لواحقین کے لیے مالی معاونت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور حکومت شہداءکے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔