دریاخان،25 مئی (اے پی پی):مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام نوانی یوتھ ونگ وتاجران کے زیر اہتمام یوم تکریم شہداء کے سلسلہ میں ایم سی دریاخان سے فوارہ چوک تک افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی ریلی نکالی گئی جس میں تاجروں مزدوروں سول سوسائٹی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے بینرز کتبے اٹھارکھے جو افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔
ریلی سے مولانا عبدالروف زبیر محمود مغل ملک صفدر حسین عاصم ملک عبدالستار رحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،فوج ہماری شان ہے،آن ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز کی سالمیت کی ضامن ہے، افواج پاکستان کی املاک اور قومی ہیروز کے اثاثے جلانے والے،محب وطن نہیں ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔