ہمارے لئے کوئی سیاسی لیڈر ریڈ لائن نہیں ،پاکستان اور افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہیں، حنیف عباسی

9

اسلام آباد،25مئی  (اے پی پی):وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی و سینئر رہنما مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے لئے کوئی سیاسی لیڈر ریڈ لائن نہیں ۔پاکستان اور افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن ہیں جو اسے کراس کرے گا اس کو منہ کی کھانا پڑے گی،مضبوط فوج کسی بھی ملک کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن   ہے،9مئی کا واقعہ ہماری سلامتی کے خلاف کسی سازش سے کم نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں یوم تکریم شہداء کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ شہداء پاکستان ہمارا فخر ہیں، ملک و قوم کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی  میں شہداء کا خون شامل ہے، شہیدوں اور غازیوں کی ہی بدولت پاکستان کے شہر اور دیہات امن محسوس کر تے ہیں۔شہیدوں،غازیوں اور ملک کیلئے لڑنے والے سپاہیوں کی بےحرمتی ناقابل معافی جرم ہے۔9مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ہم ان چہروں کو کبھی نہیں بھولیں گے جنہوں نے قوم کے ہیروز کی نشانیوں کی توہین کی۔

 صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فوج ہماری ریڈ لائن ہے پاکستانی فوج ہے تو پاکستان ہے اور پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ پوری بزنس کمیونٹی سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کے واقعہ سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ ہمارے ازلی دشمن نے سول وار کرانے کی کوشش کی مگر سیاسی اور فوجی قیادت نے اس سازش کو حکمت عملی اور دانش سے ناکام بنایا۔ہمارا عزم ہے کہ ہم جانیں قربان کر یں گے لیکن دشمن کے آگے نہیں جھکیں گے مضبوط افواجِ پاکستان کی وجہ سے ہمارے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ وزیر اعظم نے یوم تکریم شہداء کا اعلان کر کے شہیدوں کی قربانیوں کی لاج رکھی ہے۔1947سے لے کر آج تک پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنے والے ایک ایک فرد،سپاہی اور شہید کا قوم پر قرض ہے۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی طرف سے جنگ مسلط کرنے کے واقعات ہوں یا دہشت گردی کا ناسور ہو شہیدوں نے ہمیشہ پہلی صف میں کھڑے ہو کر ہر آزامائش کا ڈٹ کر سامنا کیا۔  9 مئی کے شرمناک واقعے کے مرتکب افراد اور ملک دشمن دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں بحثیت قوم ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اپنی تمام توانائی جمع کرکے ایسے اقدام کریں کہ یہ واقعہ دوبارہ کبھی رونما نہ ہو۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری،چیئر مین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک اورسمال چیمبر کے صدر قاضی الیاس نے شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اور فوجی املاک کو جلانا غداری کے زمرے میں آتا ہے جو شرپسند ان واقعات میں ملوث ہیں انہیں آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں ہونی چاہئیں۔

تقریب کے آخری میں ظفر بختاوری نے اسلام آباد میں شہداء پاکستان کی یادگار تعمیر کرنے کی قراردار پیش کی جس سے متفقہ طور پر منظورکیا گیا انہوں نے اعلان کیا کہ یاد گار اسلام آباد چیمبر تعمیر کرے گا۔تقریب کے بعد اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں افواج پاکستان اور شہدائے پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں اس عزم کا اظہا ر کیا گیا کہ پاکستان فوج کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تقریب میں سنیٹر   عبد القیوم،سابق صدر اعجاز عباسی،میاں اکرم فرید،چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید،ایگزیکٹو ممبران،اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی،تاجر رہنماؤں،مارکیٹ کے نمائندوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔