چنیوٹ؛ پاک فوج کی حمایت میں ریلیاں،9مئی کے ملزمان  کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

13

چنیوٹ، 25 مئی(اے پی پی ): ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح چنیوٹ میں بھی پاک فوج کی حمایت میں ریلیاں نکالنے کا سلسلہ  جمعہ کے روز بھی جاری رہا۔ نماز جمعہ کے بعد کل جماعتی استحکام پاکستان ریلی جامعہ مسجد صدیق اکبر سے شروع ہو کر مدرستہ البنات، ڈاکٹر عزیز علی روڈ،چوک جتھوتھان،منڈی باوا لال،کچہری روڈ سے ہوتی ہوئی جھنگ روڈ ڈی پی او آفس کے سامنے یاد گار شہدا پر ختم ہوئی۔

 پاکستان مسلم لیگ نواز شریف کی طرف سے ایک ریلی نکالی گی جس کی قیادت سابق ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کی جس میں پارٹی کے عہدیدران کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے پاک فوج،آرمی چیف کے پلے کارڈ اور پنیافلیکس اٹھا رکھے تھے،ریلی میں موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ریلی کے شرکاء کے شہر سے گذرتے ہوئے عوام نے پھلوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

 پاکستان مسلم لیگ ن،سنی کونسل،دفاع پاکستان کونسل،انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ،پاکستان علماء کونسل جماعتوں نے مشترکہ طور پر پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لیے بھر پو ر ریلی کا انعقاد کیا۔مقررنین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے قیادت کے کہنے پر ملک بھر میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا ان میں ملوث افراد کو جلد از جلد سخت سے سخت سزائیں دی جائیں،پوری قوم اس وقت سراپااحتجاج ہے اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔