دین، وطن اور افواج پاکستان سے محبت ہماری اساس ہے، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

6

راولپنڈی۔31مئی  (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دین، وطن اور افواج پاکستان سے محبت ہماری اساس ہے، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، نفرتیں ختم کرنے اور محبتیں پھیلانے کیلئے جدوجہد کرنی ہو گی، 75 سال میں جو کام دشمن نہ کر سکا وہ اپنوں نے کر دیا، 9 مئی کے دن اسلام اور پاکستان کے دشمن خوش ہوئے، پاکستان مسلمانوں اور غیر مسلموں کا ملک ہے، ہر پاکستانی کے حقوق کا تعین آئین نے کر رکھا ہے۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں استحکام پاکستان طلبا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر حمید صابری، مولانا نائب خان، حاحبزادہ حافظ ثاقب منیر، مولانا ذوالفقار، مولانا عاطف تنویر، مولانا افضل شاہ الحسینی، مولانا شہباز احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ  اقلیتوں کے حقوق اور معاشرتی اقدار کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، مبلغ کا کام محبت پھیلانا ہے نفرت نہیں، نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے وطن اور قوم سے مخلص نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی پشت پناہی کرنے والے کون ہیں، شہداء وطن کی یادگاروں کی توہین، جی ایچ کیو پر حملے اور جناح ہائوس کو جلانے والوں کی ذہن سازی کس نے کی؟ نوجوان نسل کو جذباتی نعرے دے کر مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام ہے کہ نوجوان نسل اپنے دین، وطن اور افواج پاکستان کے ساتھ اسی طرح شانہ بشانہ کھڑی ہو جس طرح یوم تکریم شہداء پاکستان پر کھڑی ہوئی۔ یوم تکریم شہداء ریفرنڈم تھا، پاکستانی قوم کی افواج پاکستان، شہداء اور سلامتی کے اداروں کے حق میں یہ سوال پوری قوم پوچھ رہی ہے کہ یوم تکریم شہداء نہ منانے والے کون ہیں، کیا شہداء پاکستان ان کے شہداء نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل و پاکستان طلبا کونسل ملک بھر میں نوجوان نسل کو حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے طلبا و علماء کنونشنز منعقد کرے گی۔ آئمہ، خطباء سے اپیل ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں نوجوان نسل کی دین، وطن اور پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے رہنمائی کریں، ہمارا موقف واضح ہے کہ کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے اور کسی گناہگار کو رہا نہیں ہونا چاہیے۔