لاہور، 31مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں کفایت شعاری کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے مختلف محکموں کے منظوری کے لئے 24 کیسز پیش ہوئے۔14 کیسز مفاد عامہ کی سکیموں کے آپریشنل امور کے لئے نئی گاڑیوں، 4 کیسز ائرٹریول، 4 کیسز ائیر کنڈیشنر کی خریداری اور 2کیسزانتظامی امور سے متعلق تھے۔کمیٹی نے کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر صرف مفاد عامہ کی سکیموں کے لئے نئی گاڑیوں اور ائیرکنڈیشنرز کی خریداری کی منظوری دی جبکہ کفایت شعاری کمیٹی نے غیر اہم سکیموں کے کیسز مسترد کر دئیے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت ہرسطح پرکفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنارہی ہے۔ مشکل معاشی صورتحال کسی صورت وسائل کے ضیاع اور اصراف کی اجازت نہیں دیتی اس لیے سرکاری سطح پر کفایت شعاری اپنانے کے حوالے سے پرایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کے حوالے سے پنجاب کی نگران حکومت نے مثال قائم کی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کفایت شعاری پالیسی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کفایت شعاری پالیسی پر مکمل عمل درآمد جاری رہے گا۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے حکومت عوام کی بھرپور خدمت کررہی ہے۔ سکرٹری خزانہ، کمیٹی ممبران اور مختلف محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔