ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی کا حقیقی دور شروع ہونیوالا ہے؛ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی

21

پشاور،1 جون(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں حقیقی ترقی و خوشحالی کا دور اب شروع ہونیوالا ہے، ضم اضلاع کیلئے اور بالخصوص ضم اضلاع کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات و فنڈز بہت جلد منتقل ہو جائیں گے جس سے ضم اضلاع کے تمام علاقوں میں گلی محلے کی سطح پر ترقیاتی اقدامات نظر آئیں گے، وفاق نے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر قبائلی عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے ترقیاتی منصوبے مرتب کر لئے ہیں جس سے ان علاقوں میں ترقی خوشحالی کا دور شروع ہو گا۔

 یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں حاجی لعلی شاہ کی سربراہی میں ضلع باجوڑ کے 30 رکنی اتحاد ملکان کے وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ وفد نے گورنر کو باجوڑ میں انتظامی و علاقائی مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور ٹیکس میں چھوٹ، بجلی و گیس، شعبہ صحت سے جڑے مسائل سے متعلق بھی نشاندہی کرائی۔

 وفدسے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ضم اضلاع صوبہ کا حصہ ہیں اور ان علاقوں کے مسائل و مشکلات کو آئین و قانون کے مطابق حل کیا جائے گا لیکن افسوس کی بات ہے کہ سابق حکومت کے گزشتہ 4 برس میں انضمام کے باوجود ضم اضلاع کو فنڈز جاری نہیں کئے گئے جبکہ موجود وفاقی حکومت نہ صرف ان علاقوں کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے فنڈز جاری کر رہی ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ باجوڑ سمیت تمام ضم اضلاع میں صحت، تعلیم، تجارتی شعبوں سمیت تمام انتظامی و علاقائی مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا اور ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

وفد میں محمدافضل خان، ملک ایاز، ملک سلطان زیب، ملک حفیظ الرحمن، حاجی سید احمدجان، مفتی حنیف اللہ، ملک خانزیب ملک فقیر، ملک فقیر، ملک ولی، ملک حسیب، ملک احسان اللہ، ملک فضل ربی، ملک شاتر، ملک عثمان، ملک محمدشاہ، ملک وزیر، ملک شیرین، ملک معشوق، ملک نواز خان، ملک عبدالناصر، ملک حضرت نور، ملک عمر واحد، ملک محمدیار، ملک خانزادہ، ابوبکر شاہ اوردیگرشریک تھے۔ملاقات میں نگران صوبائی وزراء عدنان جلیل اور فضل الٰہی بھی موجود تھے۔