گلگت بلتستان اسمبلی ،9 مئی کے واقعات کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور

21

 

گلگت۔5جون  (اے پی پی):گلگت بلتستان اسمبلی نے 9 مئی کے واقعے کے  خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اس قرار داد کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ذکریا مقپون اور جے یو آئی کے ممبر اسمبلی رحمت خالق  نے پیش کیا تھا۔اس قرارداد میں 9 اور 10 مئی کے واقعے میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا.قرارداد کے متن کے مطابق  گلگت بلتستان کا مقتدر ایوان 9 اور 10 مئی 2023 کو ملک کے مختلف شہروں میں شرپسندوں کی طرف سے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت  قومی املاک کو نقصان پہنچانا ،فوجی تنصیبات پر حملے  اور شہدائے پاکستان  کی یادگاروں کی بے توقیری پر سخت مذمت کرتا ہے ،  یہ ایوان وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ ان افسوسناک واقعات میں ملوث منصوبہ ساز اور سہولت کار ملک دشمن عناصر  ،شرپسندوں اور  تخریب کاروں کے خلاف بروقت کارروائی کر کے ان کو قانون کے کٹہرے میں  لا کھڑا کیا جائے اور نشان عبرت بنایا جائے  تاکہ آئندہ  کوئی بھی شخص  وطن عزیز کے خلاف غداری کرنے کی جرات نہ کر سکے ۔