لاہور۔06جون ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کی زیرصدارت محکمہ قانون سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمدرضا سرور،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن آغانبیل،کلثوم ثاقب،برسٹرمدثراسحاق،محمدنادر،سعیدخان ودیگرافسران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران سکول ہیلتھ سکریننگ کے اقدامات کاجائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے معصوم بچوں کوخطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے سکول کی سطح پر سکریننگ کا فیصلہ کیاہے ،محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے اہم سٹیک ہولڈرزہیں۔نویں جماعت کے امتحان سے پہلے ہر بچے کی تھیلیسمیاء سمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے سکریننگ کی جائے گی۔محکمہ قانون کو اس حوالہ سے قانون سازی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ قانون کی جانب سے تجویزکردہ قانون سازی کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے ایک سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ انشاء اللہ نویں جماعت سے ہیلتھ سکریننگ کے ذریعے پنجاب میں خطرناک بیماریوں کی شرح میں واضع کمی واقع ہوگی۔پنجاب کے سکولوں میں ہیلتھ سکریننگ کے ڈیٹا کومحفوظ بنایاجائے گا۔سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے سٹیئرنگ کمیٹی میں بائیوکیمسٹ،ڈاکٹرز، پیتھالوجسٹ اور پیڈریشن شامل کئے جائیں گے۔ سکول ہیلتھ سکریننگ کے حوالہ سے پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔