سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پلس اور ای رجسٹریشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

15

لاہور، 8 جون(اے پی پی): سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت پلس اور ای رجسٹریشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری (ریونیو) مہر شفقت اللہ مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری (سٹاف) رومان برآنہ،ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر نے جاری منصوبوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پلس پراجیکٹ کے تحت  حافظ آباد اور لودھراں سے مسنگ مساوی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اربن اور رورل ایریاز میں 30 جون سے بغیر کمپیوٹرائزڈ موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پلس پراجیکٹ میں 25709 موضع جات کی باؤنڈری کو ڈیجیٹل نشانات لگائے جائیں گئے اور موضع جات کی باؤنڈری کمپیوٹرائزڈ ہونے سے کورٹ کیسز میں کمی ہو گی۔

سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ شہریوں کو جائیدادوں کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے اور بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے اور شہریوں کو حکومتی منصوبوں بارے آگاہی بھی فراہم کی جائے۔ پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہیسمنٹ پروگرام (پلس) انتہائی اہمیت کا حامل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پلس منصوبہ کے تحت شہریوں کو جائیدادوں کے مخصوص نمبرز آلاٹ کیے جائیں گے اور اسٹیٹ لینڈ کی تمام کیٹیگری کا ڈیٹا اکٹھا کرکے پورٹل بنایا جائے گا۔

ایس ایم بی آر نے کہا کہ صوبہ بھر میں ای رجسٹریشن کی ٹائم لائن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پینڈنگ انتقالات بارے ڈیش بورڈ کو مکمل فعال کیا جائے جبکہ پینڈنگ انتقالات پاس نہ کرنے والے افسران کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، ملوث افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال کوارڈینیشن کے عمل کو بہتر بنائیں، ڈپٹی کمشنرز و دیگر  افسران ریونیو دفاتر کی سپروائزری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ اسی طرح شہریوں کو ریونیو سروسز کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن پر زیروٹالرنس کی پالیسی ہے اورکسی کرپٹ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔