نوشہرہ ورکاں، 09جون( اے پی پی ): پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ، میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں میں چیف آفیسر نوشہرہ ورکاں سدرا ڈار کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الیکٹورل گروپوں کی رجسٹریشن کی تاریخو ں کا اعلان کر دیا گیاہے جس کے مطابق 6 جون سے 12 جون تک انتخابی گروپ کے سربراہ یا اس کے مجاز نمائندوں کے ذریعہ مجاز افسران کو درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔
جانچ پڑتال کے بعد فارم-I میں نامکمل معلومات یا کمی وغیرہ کی صورت میں متعلقہ الیکٹورل گروپ کو درخواست واپس کرنے کی آخری تاریخ 19 جون 2023 مقرر کی گئی ہے ،انتخابی گروپ کے سربراہ یا اس کے مجاز ایجنٹ کے ذریعے فارم-I کو دوبارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جون مقرر کی گئی ہے۔
سرٹیفکیٹ کے اجراء اور اشاعت کی تاریخ 27 جون سے 3 جولائی جبکہ الیکٹورل گروپ کے اندراج کے لیے درخواست کو مسترد کرنے / قبول کرنے کے لیے مجاز آفیسر کی جانب سے تاریخیں 4 جولائی سے 10 جولائی ھیں اور شیڈول میونسپل کمیٹی میں آویزاں کر دیا گیا ھے جبکہ نمائندگیوں کے ازالے کے لیے مقرر کردہ مجاز افسر کے ذریعے اپیلوں کا فیصلہ کرنے کی تاریخ 17 جولائی مقرر کی گئی ہے اور زرائع کے مطابق اگست میں بلدیاتی انتخابات متوقع ہیں۔