بدین،11جون(اے پی پی):سمندری طوفان بپرجوائے اور تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والی بارش سے پہلے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نجيب الرحمان جمالی کی زیر صدارت دربار ہال میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔
اے ڈی سی ون نجيب الرحمان جمالی نے کہا کہ طوفان آنے سے پہلے ہماری ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے اس کے بعد مال مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء کی بھی حفاظت کے لیے اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ طوفان کے ساتھ تیز بارشوں کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے اربن فلڈ کا بھی اندیشہ ہے اس سلسلے میں اربن فلڈ کو روکنے کے لیے برساتی نالوں کی صفائی بھی ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ بارش کا پانی نکالنے کے لیے ہیوی مشینری کا بھی بندوبست کیا جائے۔
نجيب الرحمان جمالی نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے سمندری پانی کا دباؤ ایل بی او ڈی پر بھی رہے گا جس سے بند ٹوٹنے کا خطرہ موجود ہے، اس لئے ایل بی او ڈی کے قریب بسنے والے دیہاتی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے طوفان سے نمٹنے کے لئے کانٹیجنسی پلان بنا لیا ہے اس سلسلے میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جن کے فون نمبر 0297920020 اور 0297920013 ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں موجود لیفٹیننٹ کرنل نعمان خلیل نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پاک فوج ہروقت تیار ہے اس مشکل وقت میں پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہے اور انتظامیہ کی ہرممکن مدد کی جائے گی، طوفان آنے کی صورت میں موٹر بوٹ تیار ہیں اور محکمہ صحت کے ساتھ مل کر میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔
اجلاس میں میجر احسن، اے ڈی سی ٹو وقار احمد کلوڑ ،ڈی ایچ او ڈاکٹر شیر محمد نہڑیو، ڈی ای او سیکنڈری اللہ ڈنو ملاح، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر امتیاز علی بھٹو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔