ڈی جی خان؛ فوری انصاف اور تفتیشی معیار بہتر بنانے کے حوالے سے ریجنل پولیس ٹریننگ سکول میں تربیتی کورس شروع

9

ڈیرہ غاز ی خان ،12 جون (اے پی پی ) : عوام کو فوری انصاف اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ریجنل پولیس ٹریننگ سکول ڈیرہ غازی خان میں تین روزہ تربیتی کورس شروع ہو گیا ہے،کورس میں چاروں اضلاع کے ترقی پانے والے تفتیشی افسران شرکت کر رہے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق کورس میں تمام اضلاع سے ہیڈ کانسٹیبل سے اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران مرحلہ وار شریک ہوں گے اور تربیتی کورس میں شرکت کرنے والے افسران کو جملہ تفتیشی امور ، بطور فرسٹ ریسپانڈنٹ کرائم سین ، جائے وقوعہ کی حفاظت ،جائے وقوعہ سے شہادتوں کے حصول ،شہادتوں کی حفاظت و پارسل ہائے کی ترسیل ،سرچ تکینک، جائے وقوعہ کی فوٹو گرافی، مثل رائٹنگ، نقشہ موقع، فردات ،161 ض ف کے بیانات، تفتیش میں ہونے والی خامیوں کی درستگی ،ٹرائل کورٹ اورجدید سائنسی طریقہ کار سے تفتیش سے متعلق ٹریننگ دی جارہی ہے۔

اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ تربیتی کورس کا بنیادی مقصد نئے ترقی پانے والے افسران کی استعداد کار کو بڑھانا اور تفتیش کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

ان کورسز کی مدد سے پولیس افسران کو سنگین نوعیت کے مقدمات میں جہاں شہادت کے حصول میں آسانی ہوگی وہیں تفتیش کو صحیح سمت میں لے جا کر مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرنے میں مدد بھی ملے گی۔