ملتان 15جون( اےپی پی): حکومت کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں ڈینگی کےخلاف مہم کا آغاز کردیا گیا۔ گزشتہ روز مختلف سرکاری محکموں کے دفاتر میں بھرپور صفائی ستھرائی کی گئی ، سیمینار منعقد کئے گئے اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام بھی ڈینگی کے خلاف آگاہی واک منعقد کی گئی۔ واک کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری ساوتھ پنجاب محمد فاروق ڈوگر نے کی۔ واک میں ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسرز حافظ شفیق ملک،اکمل حسنی، اکاونٹس آفیسر محترمہ سویرا اور دیگر افسران اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمہ کے لئےہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شہری گھروں اور دفاتر میں پرانے ٹائر اور کاٹھ کباڑ کھلی جگہوں پہ نہ رکھیں اور گھروں کے لان، کیاریوں اور گملوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔واک کے اختتام پر ڈینگی بارے حفاظتی تدابیر پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں محمد فاروق ڈوگر نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے احاطہ اور دفاتر میں صفائی ستھرائی کا جائزہ بھی لیا۔