سرگودھا؛محکمہ اینٹی کرپشن کا ایکشن،رشوت خورملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار

32

 سرگودھا،16 جون(اے پی پی ):محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے پٹواری کو منشی سمیت رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

 ملزمان محمد عبداللہ عامر پٹواری اور محموالحسن منشی پٹواری نے وراثتی انتقال پاس کروانے کیلئے 1لاکھ روپے رشوت وصول کی ۔محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں ملزمان سے 1 لاکھ روپے رشوت کی رقم برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا،اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ذیشان حیدر باجوہ سرکل آفیسر کی سربراہی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجسٹریٹ کی نگرانی میں چھاپہ مارکے دونوں ملزمان کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق عبدالجبار ولد عبدالحمید سکنہ کوٹ فرید نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا عبدالزاق ڈوگر کو درخواست گزار کی کہ وراثتی انتقال کروانے کے لیے حلقہ پٹواری عبداللہ عامر سے رابطہ کیا جس نے 2 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا جو کہ منت سماجت کرنے پر 1 لاکھ 60 ہزار روپے پر راضی ہوا 1 لاکھ روپے اب اور باقی رقم کام ہونے کے بعدلے گا ۔اس درخواست پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھانے ذیشان حیدر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن سرگودھا کوکارروائی کرنے کا حکم دیا،جس پرذیشان حیدر سرکل آفیسر نے مجسٹریٹ حافظ محمد طفیل کی نگرانی میں چھاپہ مارکے عبداللہ عامر پٹواری اور محموالحسن، منشی پٹواری کے قبضے سے 1 لاکھ روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کرکے دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

بعد ازاں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عبدالزاق ڈوگرریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا کی نگرانی میں محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے ڈویژن بھر میں کرپٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کیا ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کرپٹ عناصر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جا رہاہے۔