ڈیرہ غازی خان؛ ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

23

ڈیرہ غازی خان، 16  جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت  جمعہ کو یہاں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تعمیراتی کام  اور متوقع سیلاب  کے بارے  میں ہنگامی اقدامات پر غور کیاگیا۔

اجلاس میں ایکسیئن انہارکنسٹرکشن ڈویژن رانا منوراقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ انہار دریائی علاقوں میں سٹرکچر ورک کا72فیصدٹارگٹ حاصل کرچکا ہے اور سیلابی پانی کی نکاسی کیلئے تفصیلی ورک کیا گیا ہے۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ڈیرہ غازیخان حساس ضلع ہے اور نقصان کے بغیر رود کوہیوں کے پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا جائے،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نےانہار کنسٹرکشن ورک کیلئے فنڈز دستیابی کی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہل ٹورینٹس پر تعمیراتی کام  نظر آنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کریں اور سیلاب سے قبل انسپکشن ضرور کی جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسد چانڈیہ،پی اے مشتاق احمد ٹوانہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،محمود مشتاق،غلام مرتضیٰ،ایس پی بختیار احمد،سی او ضلع کونسل آصف قریشی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرادریس لغاری،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر نظام الدین نےشرکت کی۔