ڈیرہ غازی خان؛آر پی او سجاد حسن خان کی زیر صدارت پولیس کی مجموعی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

17

ڈیرہ غازی خان،21 جون (اے پی پی)):ریجنل پولیس آفیسر  کیپٹن (ر)سجاد حسن خان کی سربراہی میں پولیس کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ کے حوالے سے چاروں اضلاع کے ڈسٹر کٹ پولیس آفیسران کے ہمراہ کرائم اجلاس  کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس  میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن افضل، ڈی پی او سید حسنین حیدر ،ڈی پی او راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد ، ڈی پی او لیہ اسدالرحمن نےشرکت کی۔

 اس موقع پر آر پی او  نے تمام اضلاع میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ، مجموعی کارکردگی ،کرائم کی صورتحال ،سنگین مقدمات کی یکسوئی ،مفرور و اشتہاری مجرما ن کی گرفتاری ، روڈ کرائم، منشیات فروشان کے خلاف کارروائیوں اور حساس مقامات و غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔

 آر پی او نے کارکردگی میں بہتری لانے کےلیے ضلعی سربراہان کو روزانہ کی بنیاد پر افسران کی کارکردگی کے جائزہ لینے اور منشیات فروشان کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیئے ۔ انہوں   نے کہا کہ تھانہ جات میں سائلین کی بروقت داد رسی اور انصاف کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے  اور سپروائزری افسران اور ایس ایچ اوز مقررہ اوقات کارمیں اپنے دفاتر میں حاضری کویقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ زیرتفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرکے پینڈنگ چالان بروقت عدالتوں میں بھجوائے جائیں اور سنگین مقدمات میں مطلوب مجرمان ، اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف سپیشل کمپین کے تحت زیادہ سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت درج مقدمات میں مزید بہتری لائی جائے۔ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر زیرہ ٹالرینس کی پالیسی ہے۔ ہوائی فائرنگ ، اسلحہ نا جائز اور ون ویلنگ کے خلاف زیادہ سے زیادہ کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ اہم تنصیبات، حساس مقامات، غیرملکی شہریوں کی حفاظت، موئثر سکیورٹی اقدامات کیئے جائیں اور تمام بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں اور داخلی خارجی راستوں پر سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے۔