مظفرگڑھ،22 جون (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 واحد ادارہ ہے جو ترقی یافتہ ممالک جیسی سروسز فراہم کررہا ہے، ریسکیو 1122 کی خدمات پنجاب بھر میں نمایاں ہیں جو نہ صرف ہنگامی صورت حال میں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہیں بلکہ حالت امن میں بھی انتظامیہ کے ساتھ ملکر اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ریسکیو 1122 کی دریائے چناب کے کنارے فرضی مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈی او ریسکیو 1122 حسین میاں بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ انسانی جان کو بچانا بہت بڑی نیکی ہے اور ریسکیو 1122 اپنی پیشہ وارانہ خدمات احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اپنے شعبے میں ماہر ہیں انہوں نے کہا کہ متوقع سیلاب کی صورت میں نہ صرف ریسکیو 1122 بلکہ تمام متعلقہ اداروں نے اپنا پلان تیار کرلیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دینے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر ڈی اور ریسکیو 1122 حسین میاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشقوں کا مقصد کسی بھی صورت حال بالخصوص متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہے۔مشینری اور آلات کو فعال رکھنا ہے تاکہ کسی بھی کمی کو پورا کیا جا سکے،متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ مظفرگڑھ 2 دریاؤں کے درمیان واقع ہے اس لیے یہاں سیلاب کا خطرہ موجود رہتا ہے ہم نے اپنے آپ کو سیلاب سے نمٹنے کیلئے بھی تیار کر لیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سے عرفان سیال نے کہا کہ تمام ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ہمیشہ نمایاں خدمات سرانجام دیں گے اور ان کی تیاری بہترین ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے محکمہ صحت،محکمہ لائیو سٹاک،محکمہ سول ڈیفنس،ڈسٹرکٹ کونسل،دوآبہ فاؤنڈیشن اور فارمر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ریسکیو 1122 نے پانی میں ڈوبتے افراد کو نکالنے،پانی سے لاش کو تلاش کرنے اور اس کو نکالنے کی مشق کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پرسوشل ویلفیئر سے محمد اکرم تکلیر، محکمہ تعلیم سے شاہد سیال، انفارمیشن آفس سے احسان قادر، سانجھ فاونڈیشن سے ناظم بلوچ، دوآبہ فاونڈیشن سے سمیرا، فارمر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن سے پرویز انصاری سمیت محکمہ صحت، محکمہ سول ڈیفنس اور ریسکیو کے افسران و اہلکار موجود تھے۔