ملتان، 22 جون (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل ک نے ملتان، دنیاپور، جہانیاں، لودھراں اور کہروڑپکا کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران آئی پی ایم کے نمائشی پلاٹس سمیت کپاس کی فصل کا معائنہ اور فیلڈ میں جاری زرعی توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
سیکرٹری نے چک 18 ایم آر میں کپاس کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی بہتات پر اظہار ناپسندیدگی کیا اور متعلقہ افسران و عملہ کو جڑی بوٹیوں کی بروقت اور موثر تلفی کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے اپنی نگرانی میں پیسٹ سکاوٹنگ،واٹر سکاوٹنگ اورپلانٹ میپنگ کاماہرین سے کاشتکاروں کے سامنے عملی مظاہرہ بھی کرایا۔
اس موقع پرسیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے موقع پر موجودکاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطہ جنوبی پنجاب کو کئی سال بعد ایک بار پھر کاٹن ویلی میں تبدیل کردیاگیا ہے ۔جس میں اللہ تعالی کا فضل و کرم، محکمہ زراعت پنجاب کے کسان دوست اقدامات،کاشتکاروں کی محنت و کاوش سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کاعملی کردارشامل ہے۔کاشتکاروں کا محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے کہنے پر کپاس کی کاشت کیلئے مثبت ردعمل بھی قابل ستائش ہے۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ ہماری فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کو فنی رہنمائی کی فراہمی اور معاونت وسپورٹ کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں چونکہ ملکی معیشت کا زیادہ تر دارومدار کپاس اور اس کی مصنوعات کی برآمد سے منسلک ہے لہٰذا اس کی اہمیت پیش نظرکاشتکاروں کو کپاس کے تمام مراحل پر رہنمائی کی فراہمی کے عمل میں کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت ہے کہ بہترین نگہداشتی امورپر عمل پیرا ہوکر اچھی پیداوار اوراعلیٰ معیار کی کپاس حاصل کی جاسکتی ہے۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی میں مزید تیزی لائیں۔انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے آئندہ چند روزمیں زرعی یونیورسٹیوں کے زیرتعلیم طلبا وطالبات انٹرن شپ پروگرام کے تحت کاشتکاروں کے ساتھ فیلڈ میں ہوں گے۔اس کے باوجود بھی اگر عملے کی کمی پیش آئی تو ریٹائرڈ فیلڈ اسسٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں تاکہ کاشتکاروں کو آئندہ مینجمنٹ کے مراحل کے دوران کسی قسم کی مشکل اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کپاس کے کاشتکار ملک ناصر سکنہ چک نمبر 351ڈبلیو بی تحصیل دنیاپور کو بغیر زرعی زہروں کے استعمال سے بہترین نگہداشتی امورکے نتیجہ میں کپاس کی صحت مندحالت میں فصل دیکھ کر داد دی۔