ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ میں بیسک-41 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد

7

لاہور، 24جون(اے پی پی): ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ میں بیسک-41 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ریسکیورز سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے حلف لیا، پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 239 مرد اور 28 خواتین شامل تھیں، ریسکیو کیڈٹس  نے مارچ پاسٹ، ڈزاسٹر ریسپانس اور زندگی بچانے کی عملی مہارتوں کا مظاہرہ کیا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس پنجاب کی مختلف تحصیلوں  میں خدمات سر انجام دیں گے۔

 صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  اگرچہ آج بہت گرمی ہے لیکن ریسکیورز کی تربیت اور ان کا لوگوں کی مدد کا جزبہ دیکھ کر مجھے تو فخر سے گرمی بھی نہیں لگ رہی۔انہوں نے  ریسکیور زاور انکی فیملیز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بچے ہیں جو جان ہتھیلی پہ رکھ کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں، آپ کے کام کا میں خود بھی مشاہدہ کرچکا ہوں کیونکہ آپ نے میرے گھر بھی ایمرجنسی سروسز فراہم کی تھیں۔

 ایس ایم تنویر نے کہا کہ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے  بچے قوم کا فخر ہیں جو لوگوں کی مدد کریں گے،  انہیں پنجاب حکومت ہرممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔انہوں  نے کہا کہ مجھے خوشی ہے اس اکیڈمی نے 24 ہزار سے زائد لوگوں کو ٹرینڈ کیا ہے، موٹر  بائیک 4 منٹ میں ریسپانس کررہی ہے۔ انہوں کہا کہ نگران حکومت مختصر مدت میں عوام کی بھر پور خدمت کرے گی۔

  سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ریسکیورز مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کے لیے ہر دم  تیار رہتے ہیں، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نہ صرف پاکستان بلکہ تاجکستان، شام اور سری لنکا کے ایمرجنسی ورکرز کو تربیت فراہم کر چکی ہے ۔  انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی ابتک 24 ہزار سے زائد لوگوں کو تربیت جبکہ  ایک کروڑ 27 لاکھ لوگوں کو سروسز فراہم کر چکی ہے، اسی طرح فائر سروس 20 لاکھ سے زائد اور موٹر بائیک 14 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پہ ریسپانس کر چکی ہے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر  نے کہا کہ ایمرجنسی  سروسز ریسکیو 1122 کی پہلی ٹیم ہے جو اقوام متحدہ انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے، اور عالمی  معیار کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کی وجہ سے ہم ترکیہ میں فوری ریسپانس کر سکے، پاکستان  ریسکیو ٹیم نے ترکیہ میں 15 لوگوں کو زندہ اور 150 سائیٹ کو سرچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان  لائف سیور پروگرام کے تحت ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر ہو گا، انشاء اللہ ہم سب مل کے محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے جدو جہد کریں گے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں مختلف تربیتی سٹالوں کا مشاہدہ کیا، ریسکیورز میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔