اسلا م آباد، 25 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کم آمدنی والے طبقوں کے لیے سماجی تحفظ کا ایک موثر ذریعہ اور خواتین کو بااختیار بنانے کا بہترین اور عملی طریقہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یمن کے سماجی فنڈ برائے ترقی کے 23 رکنی وفد سے گفتگو میں کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان میں تبدیلی کا ایجنٹ بن چکا ہے، بینظیر تعلیمی وظائف سے بچوں کے اسکولوں میں داخلے میں اضا فہ ہورہا ہے، 70 فیصد حاضری کی بنیاد پر طلب علموں کو وظیفہ دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی جیسے پروگرام متعارف کروارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور یمن دو برادر ممالک ہیں، اس طرح کے دوروں سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفد کی آمد کے دن سے بینظیر کفالت کی قسط کا اجراء ہوا ہے ،90 لاکھ مستحق خاندانوں میں 81 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سماجی ترقی فنڈ وسیم قائد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کم آمدنی والے افراد کی مدد کے لیے ایک بہترین ماڈل ہے، اس مطالعاتی دورے سے یمن میں بھی ایسا ہی ماڈل تیار کرنے میں کافی مدد ملے گی۔