لاہور،25 جون (اے پی پی):محکمہ لائیوسٹاک اور چینی کمپنی رائل گروپ نے پنجاب میں جانوروں کی بیماریاں کنٹرول کرنے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف ویٹرنری ریسرچ لاہور میں نگراں وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ابراہیم حسن مراد کے ساتھ وائس پریذیڈنٹ رائل گروپ آف چائنہ ٹنگ سوئیچن کی قیادت میں چینی لائیوسٹاک ماہرین کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مسعود انور اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔ چینی کمپنی رائل گروپ نے پاکستان سے تازہ گوشت درآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
مسٹر ٹنگ سوئیچن نے کہا کہ بیف درآمد کرنے سے پہلے پاکستان میں مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رائل گروپ چین کی 10بڑی لائیوسٹاک کمپنیوں میں شامل ہے۔
چینی وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ منہ کھر سمیت دیگر بیماریوں کی ویکسین کی تیاری میں چین کا تعاون خوش آئند ہے، چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک پنجاب کی دیہی معیشت کا انتہائی اہم جزو ہے،جانوروں کو بیماریوں سے بچا کر لائیوسٹاک کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب سے گوشت کی برآمد نگران وزیراعلی محسن نقوی کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کو زرمبادلہ میں کمی کو دور کرنے کیلئے حلال گوشت کو بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کو بڑھانا چاہئے۔
اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور نے کہا کہ منہ کھر کی ویکسین کی تیاری میں چینی تعاون اہم پیشرفت ہے، اگست یا ستمبر میں چینی ٹیم دوبارہ پنجاب کا دورہ کر کے پیشرفت کا جائزہ لے گی۔اجلاس کے دوران چینی وفد نے ویکسین کی تیاری کیلئے مخصوص علاقے میں جگہ اور سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی، فریقین کی جانب سے تیز پیشرفت کے لئے فوکل پرسن تعینات اور ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیرنے کہا کہ سپیشل ڈیری اکنامک زون کی تیاری کی تجاویز پر بھی غور کریں گے، میٹ ایکسپورٹ بڑھا کر لائیوسٹاک کو معیشت کا انجن بنائیں گے۔