ملتان 26جون، (اے پی پی ): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122ملتان نے عید الالضحٰی 2023 کا ایمرجنسی پلان جاری کر دیا ہے۔شہریوں کوبروقت اورمعیاری ایمرجنسی سروس کی فراہمی کے لیے شہرکے تمام اہم مقامات مساجداورعیدگاہوں پرایمبولینس،ریسکیووہیکل اور فائروہیکل کے ساتھ ریسکیوموبائل پوسٹیں قائم کردی ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی یاناگہانی صورت میں شہریوں کوبروقت ایمرجنسی سروس کی سہولت میسرآسکے موسمی تغیرات کی صورت میں کوڈ ریڈ بھی لگایا جاسکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ کی زیر صدارت عیدالالضحٰی کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹررضوان نصیرکی ہدایت پرعید الالضحٰی کے حوالے سے ایمرجنسی پلان مرتب کرلیاگیا ہے۔ریسکیو اہلکاروں کی عید کے موقع پر چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، تمام ریسکیواہلکار 24/7ہائی الرٹ رہیں گے،500سے زائد ریسکیورز جدید آلات سے مزین 33ایمبولینسز‘19فائروہیکلزاور ریسکیووہیکلزکے علاوہ 93کے قریب موٹر بائیک ایمبولینس کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔
تحصیل جلال پورپیر والا اور شجاع آباد میں بھی ریسکیواہلکار عید الالضحٰی کے موقع پر اسپیشل ڈیوٹی سرانجام دیں گے ہے، اس کے علاوہ ریسکیوموبائل پوسٹیں مختلف مقامات، مرکزی عیدگاہ خانیوال روڈ،قلعہ کہنہ قاسم باغ، ابدالی مسجد ابدالی روڈ،مسجدعمرابن خطاب شاہ رکن عالم کالونی،صدرکینٹ،عسکری جھیل،حسین آگاہی،وہاڑی چوک،القریش کالونی مظفرآباد، حیدریہ مسجدگلگشت کالونی قائم کی جائیں گی۔ایمرجنسی پلان کے مطابق ریسکیو1122 سروس چوبیس گھنٹے آپریشنل ہوگی اور ایمر جنسی کی صورت میں سروسزفراہم کرے گی۔