تھرپارکر؛ ڈپٹی کمشنرلعل کا مٹھی شہر کا دورہ ، نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا

9

تھرپارکر،27 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرلعل ڈنو منگی نے میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی کے ہمراہ مٹھی شہر کے نکاسی آب کے نظام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے سران کالونی اور ڈرینج سسٹم  کا معائنہ کیا اور پانی کی نکاسی کے بارے میں معلومات لیں۔

 میونسپل کمیٹی مٹھی کے چیئرمین ڈاکٹر منوج کمار ملانی نے مٹھی شہر سے برساتی پانی کی نکاسی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سران ترائی سے اس وقت مکمل طور پر پانی نکالا جا چکا ہے علاوہ ازیں ممکنہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے مشینیں اور ہیوی جنریٹرز تیار ہیں، جو بارشوں کے دوران چلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی ممکنہ بارشوں کے دوران شہر سے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر سے ممکنہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے جنریٹرز اور مشینوں سمیت عملہ بھی ہمہ وقت تیار ہے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ تھرپارکر آپ کے  ساتھ بھرپور تعاون کرئے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی اور مل کر کام کیا جائے گا۔