ڈیرہ غازی خان ؛ عید آپریشن کا آغاز،دریاؤں ،بڑی نہروں میں نہانے،کشتی رانی،ون ویلنگ اور عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 نافذ

21

ڈیرہ غازی خان ، 27 جون (اے پی پی):  ڈویژنل انتظامیہ نے عید آپریشن شروع کرتے ہوئےچاروں اضلاع کو سیکٹرز میں تقسیم کرکے افسران کو فوکل پرسنز مقرر کردیا ہے جبکہ انتظامی افسران،میونسپل کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں ۔

اس حوالے سے  منگل  کو یہاں  منعقدہ  اجلاس کی  کمشنر ڈیرہ غازی خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے  صدارت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ دریاؤں ،بڑی نہروں میں نہانے،کشتی رانی،ون ویلنگ اور عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 نافذ کردیا گیا۔اجلاس میں عید آپریشن ،سیکیورٹی اور متعلقہ معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

 اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ عید کے تینوں ایام میں کام ہوتا نظر آنا چاہیے۔تفریحی مقامات اور پارکس میں خصوصی انتظامات کئے جائیں۔جھولوں کا میکنیکل ٹیسٹ کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائی جائیں اور آلائشوں کی محفوظ تلفی کےلئے پلاسٹک کے بیگز تقسیم ہوں گے۔

کمشنر نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے مختلف نمایاں مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے۔شکایات سیل اور کنٹرول روم فنکشنل رکھے جائیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران نے عید انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔