میرپور خاص؛اسپیشل ورلڈ اولمپکس گیمز کے دوڑ ایونٹ میں اعزاز حاصل کرنے والی ثنا کپری کا شاندار استقبال

19

میرپور خاص،28جون(اے پی پی): ميرپورخاص ضلع  کی غریب مزدور کی بیٹی ثنا کپری نے جرمن کے شہر برلن میں اسپیشل ورلڈ اولمپکس گیمز میں دوڑ کے مقابلے میں چوتھی پوزیشن  کا اعزاز حاصل کر لیا ہے،ثنا کپری کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد واپس اپنے گاؤں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

21سالہ ثنا کپری واپس اپنے گھر ضلع میرپورخاص کی تحصیل جھڈو کے مضافاتی علاقے نیاز محمد کپری  میں پہنچ گئی ہے،ثناء کپری اس سے قبل ملک گیر سطح پر ہونے والے اسپیشل بچوں کے دوڑ کے مقابلے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر چکی ہیں۔

اس موقع پر ثناء کا کہنا تھاکہ وہ آج بہت خوش ہیں اور آئندہ مزید تیاری کرکے دوبارہ وہ اول پوزیشن کا اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

 اس موقع ثناء  کے والد خادم حسین، والدہ نورالنساء اور نانی مہرالنساء نے بتایا کہ ثناء کی کامیابی سندھ اور پاکستانی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کیاہےان کا خاندان مالی مشکلات کا شکار ہے اور ان کا تعلق سیلاب سے متاثرہ علاقے سے ہے، سیلاب میں ان کا گھر بھی منہدم ہوچکا ہے لہٰذہ فوری طور پر گھر تعمیر کرواکر دیا جائے اور ثناء کی ذہنی صحت کی بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ثناء بچپن ہی سے ذہنی طور پر بیمار اور ایب نارمل تھیں،گاؤں سے میلوں دور نکل جایا کرتی ہے،علاقے کے لوگ بالوں سے پکڑ کر واپس گھر چھوڑ جایا کرتے تھے جہاں ثناء کو گھر میں چارپائی کے ساتھ زنجیروں سے باندھ دیا جاتا تھا۔بعد ازاں سماجی ادارے نے ان سے تعاون کیا اور ثناء کو دوڑ کی ٹریننگ اور عالمی سطح کے مقابلے میں شریک کروایا، آج ثناء نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے جس پر وہ بہت زیادہ خوش ہیں۔