ملتان، 28 جون(اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب نے کہاہے کہ عید الاضحی کے موقع پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے شہر بھر میں کیمپ قائم کردیے گئے ہیں، آج عید الاضحی کے پہلے روز بھرپور صفائی کرکے آلائشوں کو شام تک کلئیر کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آگاہی کیمپس اور لینڈ فل سائٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او نے آگاہی کیمپس میں انتظامات چیک کئے اور شہریوں میں ویسٹ بیگز بھی تقسیم کئے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے کہا ہے کہ آگاہی کیمپس میں موصول صفائی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا، شہریوں کو پاک و صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے خصوصی آپریشن کرینگے۔انہوں نے کہا کہ عید آپریشن کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عید الاضحی کے میگا صفائی آپریشن کیلئے مکمل تیار ہے
تمام آپریشنل گاڑیوں،ڈمپرز اور عملہ صفائی کو سیکٹرز میں بھیج دیا گیا ہے۔
شاہد یعقوب نے بتایا کہ حبیبہ سیال لینڈ فل سائٹ پر آلائشیں دفن کرنے کیلئے خندقوں کی کھدائی بھی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ عملہ صفائی کو نئے یونیفارم ،ہتھ گاڑیاں اور لوڈر رکشے بھی فراہم کردیے گئے ہیں کمپنی کی جانب سے مساجد اور عید گاہوں کی دھلائی اور سکریپنگ بھی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگاہی کیلئے مساجد میں اعلانات اور پمفلٹس کی تقسیم بھی جاری رہے گی۔
سی ای او نے عزم کا اظہار کیا کہ عیدالاضحی پر شہریوں کو خوشگوار تبدیلی کا احساس دلائیں گے۔عید ایام میں 17 ہزار ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جائے گا جبکہ
مضلعی انتظامیہ کے افسران صفائی آپریشن کی خصوصی مانیٹرنگ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ 1139 کنٹرول روم پر شہری صفائی کی شکایت درج کراسکتے ہیں۔
قبل ازیں سی ای او نے بازاروں اور گھروں میں پمفلٹس اور ویسٹ بیگز تقسیم کئے۔