وزیر اعظم نے قومی ایئرلائن کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی

15

لاہور،28جون(اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں قومی ایئرلائن کی تنظیم نو، اصلاحات اور بحالی کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی عید کے بعد پی آئی اے کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان ہوا اور اس کے نا اہل وزراء نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کاروباری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

بدھ کو یہاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو پی آئی اے کی بہتری کیلئے مجوزہ روڈ میپ اور اصلاحات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قومی ایئر لائن کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 27 سے بڑھا کر 49 کرنا ہو گی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی کی پی آئی اے سے متعلق کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن خسارے سے نکلنے کی استعداد رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ائیرلائن نے یورپ اور امریکہ کے فضائی راستے گنوا دیئے ہیں، گزشتہ حکومت کی اس نا اہلی کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو اربوں روپے کا نقصان ہوا،گزشتہ حکومت کے نا اہل وزراء نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، چینی کمپنیوں اور ترک کاروباری افراد کو انتقام کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اسی صورت میں ترقی کر سکتا ہے کہ اس کو خالصتاً نفع اور نقصان کی بنیاد پر پیشہ ور انتظامی ماہرین چلائیں، قومی ایئر لائن کو خسارے سے نکالنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسا پالیسی نظام لے کر آنے کی طرف قدم بڑھا رہی ہے جہاں حکومت کا کام صرف پالیسی فیصلے اور سرمایہ کاروں و کاروباری افراد و کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم احد خان چیمہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزراء سید نوید قمر، محمد اسحاق ڈار، احسن اقبال، معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

 اجلاس میں وزیراعظم نے پی آئی اے کی تنظیمِ نو، اصلاحات اور بحالی کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے ممبران میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، معاون خصوصی جہانزیب خان اور سیکرٹری ایوی ایشن شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی اسحاق ڈار کی سربراہی میں پی آئی اے کی تنظیمِ نو اور بحالی کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے اپنی سفارشات عید کے بعد کابینہ میں پیش کرے گی۔