الخدمت فاؤنڈیشن کے قربانی پراجیکٹ سے تقریبا دولاکھ 68 ہزار افراد نے استفادہ کیا؛خالد وقاص

29

پشاور،3جولاٸی(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 17کروڑ 47 لاکھ روپے مالیت کی قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچایا، جبکہ اس قربانی پراجیکٹ سے تقریبا دولاکھ 68 ہزار افراد نے استفادہ کیا۔

پشاور پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں قربانی پراجیکٹ 2023ء کی تفصیلات بتاتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص نے کہا کہ اس سال قربانی پراجیکٹ کے تحت17کروڑ 47لاکھ روپے مالیت سے زائدکے 8694 بڑے جانوروں اور 276چھوٹے جانوروں کی قربانیاں کرکے قربانی کا گوشت یتیموں، بیواوں، مدارس کے طلبہ ، مستحق افغان مہاجرین، نشے میں مبتلا زیر علاج مریضوں ، جیل کے قیدیوں، ہسپتالوں میں زیر علاج مسافر مریضوں اور تیماداروں، الخدمت کے ساتھ رجسٹرڈ تھیلی سیمیاء کے موذی مرض میں مبتلا بچوں، سٹریٹ چلڈرنز، ٹرانس جینڈر کمیونٹی، مقامی نادار فنکاروں، افغانستان سے بے گھر ہونے والے ہنرمندوں کے علاوہ دیگر نادار اور مستحق گھرانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔

خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا نے عید الاضحی سے قبل صوبے کے تمام 36اضلاع میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا تھا جہاں پر عید کے پہلے، دوسرے اور تیسرے روز ملک اور بیرون ملک سے الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کو سنت ابراہمی کے لئے ملنے والے قربانی کے جانوروں کو قربان کرکے مستحقین تک انکا گوشت پہنچایا گیا۔

خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت نے پشاور میں مرکزی کیمپ قائم کیا تھا جبکہ تمام اضلاع کے ضلعی صدور کے ساتھ رابطے کے لئے ڈویژنل سطح پر کوآرڈینیٹرز مقرر کئے گئے تھے جنہوں نے ایک مربوط نظام کے تحت عید کے تینوں روز مسلسل محنت کے نتیجے میں قربانی پراجیکٹ کو کامیابی سے مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں الخدمت کے رضاکاروں نے گراس روٹ لیول پر چرم قربانی جمع کرنے کے لئے کیمپس لگائے جس میں الخدمت کے سینکڑوں رضاکاروں نے دن رات محنت کی اور امسال عوام نے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ تعداد میں قربانی کی کھالیں الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کیں۔

قربانی کی کھالوں سے حاصل ہونے والی رقوم سے سال بھر ضرورت مندوں کو ریلیف کی فراہمی میں مدد ملتی ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر ملک اور بیرون ملک سے الخدمت فاؤنڈیشن کو اپنی قربانیاں اور چرم قربانی عطیہ کرنے والے مسلم فلاحی اداروں اور مخیر شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کارخیر کے لئے الخدمت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ ساتھ قربانی پراجیکٹ 2023ء کے دوران عید قربان پر مسلسل تین روز تک دن رات محنت کے نتیجے میں اپنی عید کی خوشیوں کی قربانی دینے والے صوبائی،ضلعی ،زونل ٹیموں کے ذمہ داران اور رضاکاروں کی گرانقدر خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی سے ان کی اس قربانی کو شرف قبولیت بخشنے اور انہیں اس کا بہترین اجر دینے کیلئے دعا کی۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد شاکر صدیقی،نائب صدر حافظ حمید اللہ ،صوبائی میڈیا منیجر نورالواحدجدون اور ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب بھی موجود تھے۔