کوئٹہ 06 جولائی (اے پی پی): کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا انوار الحق حقانی علامہ سید ہاشم موسوی پادری سائمن پشیر سردار جسبیر سنگھ, پنڈت نریش کمار نے کہا کہ ہم سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بھر پور مزحمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی حقوق کی تنظیمیں اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر دوسروں کے مذہبی احساسات مجروح کرنے والے شر پسند عناصر کو سخت سزا دلوائیں تا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ اس سے پہلے بھی اسی ملک میں اس طرح کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں مگر سویڈن کی حکومت نے اپنے ملک میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں اُٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام عالمی برادری سے پر زور اپیل ہے کہ سویڈن پر سخت سے سخت پابندیاں لگائی جائیں اور دبا ؤ ڈالا جائے تا کہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کو قرار واقعی سزا مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے صرف مسلمانوں کے جذبات مجروح نہیں ہوتے بلکہ اس سے مسیحیوں کو بھی اتناہی دُکھ پہنچتا ہے,لہذا ہم سویڈن حکومت سے مطالبہ کرتے ہے کہ وہ سرکاری طور پر اس کی معافی مانگیں اور قانون سازی کریں اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کوسخت سزادی جائے تاکہ وہ عبرت کا نشان بنے اور آئندہ کوئی ایسی گھنونی حرکت نہ کرے۔