ملتان 08 جولائی ( اےپی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ڈسٹرکٹ ملتان کے ٹریفک افسران سے میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں قائم مقام چیف ٹریفک آفیسر بابر افتخار جوئیہ ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر طاہر مشتاق ، اے ڈی آ ئی جی منصور عالم ودیگر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے آ ر پی او کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی واضح ہدایت ہیں کہ عوام الناس کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درپیش مشکلات کو ختم کیاجائے اس سلسلے میں انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایات جاری کیں کہ جو بھی شخص لائسنس بنوانے آ ئے ۔اس کو لائسنس بنا کر دیا جائے ۔ عوام الناس کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے اہم چوراہوں ، مارکیٹس میں مستقل پوائنٹس بنائے جائیں جہاں لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس بارے آ گاہی فراہم کی جائے ۔ ان کو وہ تمام سہولتیں فراہم کی جائیں جو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول ، کالجز، یونیورسٹیز ، فوجیوں کے یونٹس جائیں ، بینرز آ ویزاں کریں اور لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی طرف راغب کریں ۔ آ ر پی او کا مزید کہنا تھا کہ جس شخص کو گاڑی چلانے آ تی ہے اس کو لائسنس جاری کریں سپیشل کمپین شروع کریں حتیٰ کہ دیگر ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ملتان ریجن سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کی ہیلپ لائن 1915 کو ایکٹو کریں ۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی طرف راغب کرنےکے لیے بینرز ، پمفلٹ ودیگر ذرائع استعمال کریں تاکہ لوگوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں آ سانی رہے۔ آ خر میں انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ جہاں جہاں پولیس چوکیوں کو ختم کیا گیاہے اس جگہ ٹریفک کے دفاتر بنانے بارے بھی تجاویز دیں ۔ تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔