پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ کا آغاز کررہے ہیں؛نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم

36

لاہور،10 جولائی ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر  صحت و سوشل ویلفیئر و بیت المال ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کزنز کی شادی موروثی بیماریوں کی بنیادی وجوہات میں سے بنیادی وجہ ہے، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں ہیلتھ سکریننگ کا آغاز کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ کے تفصیلی دورہ کے موقع پر کیا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں چمن سنٹر، نشیمن سنٹر، ڈیف ریچ سکول اور ٹریننگز روم کا دورہ کیا۔

نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔سیکرٹری محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفننگ دی۔

نگران صوبائی وزیر نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے چمن کیلئے اپنی جیب سے ایک لاکھ روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس کو مزید اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں، چمن کو سنٹر آف ایکسی لینس بنائیں گے۔چلڈرن ہسپتال سے بچے بھی یہاں ریفر کریں گے، عوام الناس میں سوشل ویلفیئر و بیت المال کی بہتری کے حوالہ سے آگاہی پھیلائی جائے گی۔

  نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے چمن سنٹر کو چلڈرن ہسپتال لاہور سے منسلک کر دیا گیا ہے،نشیمن میں ذہنی پسماندہ بچوں کی بحالی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشیمن میں ذہنی پسماندہ بچوں کو تعلیم، رہائش، کھانے اور پک اینڈ ڈراپ کی مفت سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں ذہنی پسماندہ بچوں کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ذریعے ڈپلومہ کروایا جائے گا،مزید بہتری کیلئے کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں ذہنی پسماندہ بچوں کو بیوٹیشن، فنون و دستگاری، سلائی، کمپیوٹر سوفٹ ویئر، کولنگ، فوٹو کاپی و دیگر کورسز کروائے جاتے ہیں۔

اجلاس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر مدثر ریاض ملک، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال لاہور ڈاکٹر ٹیپو سلطان، پروفیسر شازیہ منظور اور محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے افسران نے شرکت کی۔