ڈیرہ غازی خان؛ اراضی الاٹمنٹ کیس میں چئیرمین  پی ٹی آ ئی  کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمی خان کی عبوری ضمانت میں ایک ماہ کی توسیع

49

 

ڈیرہ غازی خان،10 جولائی(اے پی پی): اینٹی کرپشن عدالت نے ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی الاٹمنٹ کیس کی سماعت میں چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمی خان انکے شوہر احد مجید کی عبوری ضمانت میں ایک ماہ کی توسیع دے دی ہے ،آئندہ سماعت 10 اگست کو ہو گی۔

پیر کے روز چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمی خان اپنے وکلاء کے ہمراہ اینٹی کرپشن عدالت کے جج نوید احمد قریشی کی عدالت میں پیش ہوئیں اور سماعت کے بعد جج نے ان کی عبوری ضمانت میں  توسیع فیصلہ سناتے ہوئے آئندہ ماہ  کی 10 تاریخ مقرر کر دی۔ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پہلے ہی اس مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ سے اپنی عبوری ضمانت لے  چکے ہیں۔

واضح رہے کہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی دور حکومت میں چئیرمین پاکستان تحریک انصاف کی بہن ڈاکٹر عظمی خان اور انکے شوہر نے ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی کی الاٹمنٹ اپنے نام  کرائی تھی،جس کی مالیت 6 ارب روپے بتائی گئی ہے۔جس پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دیں انہوں نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف اور اس کی ہمشیرہ اور انکے شوہر کو طلب کرنے ساتھ سوالنامہ بھی دیا تھا۔

اس سلسلہ میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان محمد ضیاء الحق نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزمان کے وکلاء کی درخواست پر دوسری مرتبہ جواب داخل کرانے کا وقت دیا گیا ہے اور جواب جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اگر فوری طور پر جواب جمع نہ کرایا تو نوٹس جاری کیا جائیگا اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔