اوکاڑہ،13جولائی (اے پی پی): دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام سے کم درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے اوردریائے ستلج میں گزشتہ تین دنوں سےضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی جانب سے بھرپور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔27 ہزار کے قریب افراد جن میں عورتیں، بچے، بوڑھوں اور مال و مویشیوں سمیت کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے.
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور اسسٹنٹ کمشنردیپالپور مجاہد ظفر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کے ہمراہ اٹاری، ہیڈ سلیمانکی ، درازکے، روہیلہ شیریں کے مقام پر ریسکیو آپریشن کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں دریائے ستلج میں واقع 27 دیہات اور 70 چھوٹی آبادیوں (ڈھاریوں) کی 80 فیصد آبادی کو محفوظ مقامات پررسیکیو 1122 کی کشتیوں اور لوکل بیڑوں کی مدد سے متاثرین کومکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ منتقل کیا جا چکا ہے. ریسکیو 1122 کےافسران و 80 سے زائد جوان کی قیادت میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے بتایا کہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر ممکنہ سیلاب کے پیش نظر خیمہ بستی قائم کر دی گئی ہے جس میں سیلاب متاثرین کو رکھا جائے گا۔ متاثرین کی دیکھ بھال کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔اٹاری ،ہیڈ سلیمانکی، دراز کے، ملحوشیخوکا، باقرکے مہاراور روہیلہ شریں کے مقام پر فلڈ ریلیف کیمپ مکمل طور پر فعال ہیں. ریسکیو 1122، محکمہ صحت محکمہ لائف سٹاک محکمہ زراعت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے کاؤنٹرز لگا دیے گئے ہیں. ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔











