ملتان ریجن میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں؛آر پی او سہیل چودھری

21

ملتان ،14 جولائی (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے کہا ہے  کہ ملتان ریجن میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، تمام مسالک مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور ملتان ریجن کو امن کا گہوارہ بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات کے سلسلہ میں فقہ جعفریہ کے اکابرین سے میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ   کا مقصد ملتان ریجن ملتان ، وہاڑی ، خانیوال اور لودھراں میں محرم کے ایام میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کنٹرول میں رکھنا ہے۔ میٹنگ میں شریک اکابرین نے آ ر پی او کو مسائل کی نشاندہی بھی کی جن کے حل کے لیے آ  پی او نے فوری احکامات جاری کیے۔

 اس موقع پر آ ر پی او کا کہنا تھا کہ ملتان ریجن میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، تمام مسالک مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور ملتان ریجن کو امن کا گہوارہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور پولیس آ پ کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں، فقہ جعفریہ کے اکابرین جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں، مسائل حل کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔

میٹنگ میں مہر عبدالخالق میرالی ، ممبر امن کمیٹی خانیوال ، قیصر عباس ممبر امن کمیٹی خانیوال ، مخدوم ظہور شمسی ، مہر مزین عباس جام ڈویژنل ممبر امن کمیٹی ملتان ، رضا حسین جوئیہ ، ممبر امن کمیٹی لودھراں ، سید اصغر عباس نقوی، صدر انجمن تحفظ عزاداری ساوتھ پنجاب ، سید مبشر نقوی چئیر مین انجمن تحفظ عزاداری ، سید ضامن عباس سٹی صدر انجمن تحفظ عزاداری ، حاجی صابر حسین سٹی صدر انجمن تحفظ عزاداری ، ملک توقیر سکندر جنرل سیکرٹری سٹی ملتان ، سردار اعجاز حسین بلوچ سینئر رکن ودیگر اکابرین بھی موجود تھے۔